ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو کے کاروباری ضلع میں ایک بلند و بالا عمارت کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون سے جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اس میں روسی حکومت کی 3 وزارتوں کے دفاتر موجود ہیں جب کہ منگل کے روز ہونے والا یہ حملہ گزشتہ تین روز کے دوران ہونے والا دوسرا واقعہ ہے جسے روس نے یوکرینی دہشت گردانہ حملے کی کوشش قرار دیا۔
یوکرین کے صدارتی مشیر نے کہا کہ روس کو مزید ڈرون حملوں اور مزید جنگ کی توقع رکھنی چاہیے۔ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا اسے آئی کیو کوارٹرز کے نام سے جانا جاتا ہے، اس عمارت میں وزارت اقتصادی ترقی ، ڈیجیٹل اور صنعت و تجارت کی وزارت کے دفاتر واقع ہیں، ویڈیو میں دکھایا گیا کہ حملے سے بلڈنگ کے شیشے ٹوٹ گئے۔ وزارت معاشی ترقی کی ایک مشیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت ماہرین عمارت میں ہونے والے نقصانات اور لوگوں کی حفاظت کے لیے انفراسٹرکچر کا جائزہ لے رہے ہیں، اس میں کچھ وقت لگے گا جب کہ وزارت کا عملہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کام کر رہا ہے۔