میکسیکو سٹی: امریکی سرحد پر میکسیکو کے امیگریشن سینٹر میں آگ لگنے سے 39 تارکین وطن کی موت اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ میکسیکو کے مقامی میڈیا کے مطابق میکسکو کے شہر سیوداد جواریز میں نیشنل مائیگریشن انسٹی ٹیوٹ (آئی این ایم) کی عمارت میں آگ لگنے سے تقریباً 100 افراد کاربن مونو آکسائیڈ پوائزننگ سے متاثر ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ میکسیکو کے نیشنل امیگریشن انسٹی ٹیوٹ نے ایک بیان میں کہا کہ 29 زخمیوں کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔
مبینہ طور پر آگ ایک حراستی کیمپ سے شروع ہوئی جہاں ان تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر امریکی سرحد عبور کرنے کی کوشش کے بعد رکھا گیا تھا۔ یہ واقعہ پیر کی رات گئے تقریباً 71 تارکین وطن کو مرکز میں لانے کے فوراً بعد پیش آیا۔ آگ لگنے کی وجہ یا متاثرین کی قومیت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے انکوائری شروع کردی ہے اور جائے وقوعہ پر تفتیش کار موجود ہیں۔