استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار کے نام پر قرآن کریم کی بے حرمتی کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے اور اس پہلو کو ہم ہر ذرائع سے سامنے لا رہے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان نے صدارتی سوشل کمپلیکس میں امریکی مسلم آرگنائزیشنوں کی کونسل USCMO کے سیکریٹری جنرل اسامہ جمال اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا ہے کہ بحیثیت مسلمان ہم دہشت گردی سے لے کر نفرت کے جرائم تک متعدد مسائل کے خلاف بیک وقت جدوجہد کر رہے ہیں۔
صدر اردوان نے کہا ہے کہ مغرب میں ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتی اسلام دشمنی ہمارے اندیشوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ اس بیمار ذہنیت کے مقابل مسلمانوں کی آواز بننے کے لئے آپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور میں ان کوششوں پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہوں۔ امت مسلمہ کا اسلام دشمنی، عدم تحمل اور امتیازیت کے خلاف آواز اٹھانا اور باہم متحد ہونا اسلام دشمنی کے خلاف جدوجہد میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔