ممبئی: دنیا بھر میں بوہرہ فرقہ کے روحانی رہنما، سیدنا مفضل سیف الدین کو گزشتہ روز 5 دسمبر کو پاکستان کے ایوان صدر میں منعقد کی جانے والی خصوصی سرکاری تقریب میں پاکستان کا سب سے بڑا شہری اعزاز نشان پاکستان پیش کیا گیا۔ بوہرہ فرقہ کے ادارہ اطلاعات ونشریات کے مطابق یہ ایوارڈ پاکستان کے معزز صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سیدنا سیف الدین کو صحت تعلیم اور ماحولیات جیسی سماجی خدمات اور عالمی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ان کی مسلسل خدمات کے اعتراف میں یہ صدارتی ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ایوارڈ تقریب کے دوران بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ کو پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ان کے متنوع اقدامات پر سراہا گیا۔ یہ ایوارڈ اس سے قبل ملائشیا کے وزیر اعظم اور قطر کے امیر جیسے ممتاز سربراہان مملکت کو بھی دیا جا چکاہے۔ امن اور خیر سگالی کے سفیر کے طور پر جانے والے سیدنا مفضل سیف الدین نے ثقافتی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی زور دیتے ہوئے اپنی زندگی کمیونٹی کی خدمت اور بڑے پیمانے پر اپنے آپ کو ان کے لیے وقف کر دیا ہے۔
حکومت پاکستان اور داؤدی بوہرہ برادری کے افراد کی دعوت پر سیدنا 20 نومبر کو کراچی پہنچے، وہ حیدرآباد میں مختصر قیام کے بعد پیر 4 دسمبر کو اسلام آباد آ گئے۔کراچی میں قیام کے دوران سیدنا مفضل سیف الدین نے کراچی یونیورسٹی میں ایچ ایچ سیدنا مفضل سیف الدین اسکول آف لاء کا افتتاح کیا۔