نئی دہلی: چینی صدر شی جن پنگ کے اگلے ہفتے بھارت کی میزبانی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کی امید نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم لی کیانگ بیجنگ کے نمائندے کے طور پر نئی دہلی میں 9 سے 10 ستمبر کے درمیان ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ تاہم بھارت کی طرف سے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ نے بھی سربراہی اجلاس میں شی جن پنگ کی عدم شرکت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔
روسی صدر پوتن پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کی جگہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف ماسکو کی نمئندگی کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس کو صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر بائیڈن کے لیے اپنے تعلقات کو بہتر کرنے کے ایک موقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو مختلف تجارتی اور جغرافیائی سیاسی تنازعات کی وجہ سے انتہائی کشیدہ ہیں۔ شی کی بائیڈن کے ساتھ آخری ملاقات اور بات چیت نومبر 2022 میں انڈونیشیا کے بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران ہوئی تھی۔