بیجنگ: نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ کی شرکت سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم لی کیانگ نئی دہلی میں 18ویں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تاہم، سربراہی اجلاس سے چینی صدر شی کی غیر حاضری کے بارے میں کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ قبل ازیں میڈیا رپورٹ نے اطلاع دی تھی کہ چینی صدر شی جن پنگ کے بھارت میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روس کے صدر پوتن اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق پہلے ہی کرچکے ہیں، اجلاس میں ماسکو کی نمائندگی روسی وزیرخارجہ لاوروف کریں گے۔ چین کی جانب سے کووڈ پابندیوں کو اچانک ختم کرنے کے بعد سے چینی صدر نے چند غیر ملکی دورے کیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے جنوبی افریقہ میں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔