بیجنگ: چین برکس کے توسیعی عمل کی حمایت کرے گا اور تنظیم میں نئے شراکت داروں کے جلد داخلے کا خیر مقدم بھی کرے گا۔ چین کی وزارت خارجہ کی پریس سروس نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے برکس سربراہی اجلاس سے قبل کہا کہ’’چین ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ برکس ایک کھلا اور شمولیاتی نظام ہے، بیجنگ برکس کے توسیعی عمل کی حمایت کرتا ہے اور مزید ہم خیال شراکت دار برکس کے بڑے خاندان میں جلد داخلے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ یہ کانفرنس 22 سے 24 اگست تک جوہانسبرگ میں منعقد ہوگی۔
وزارت نے یہ بھی کہا کہ چین سربراہ ملک کے طور پر جنوبی افریقہ کے کام کی حمایت کرنے، مشترکہ طور پر مختلف برکس تقریبات کا انعقاد کرنے ’’برکس تعاون کی معیاری ترقی کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کو مضبوط کرنے میں زیادہ تعاون دینے کے لئے برکس شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں برکس سربراہی اجلاس میں روس، چین، بھارت، برازیل اور جنوبی افریقہ کے لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی ویڈیو لنک کے ذریعے سربراہی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔