کابل: افغانستان میں طالبان کی نگراں حکومت کے قیام کے بعد چین نے کابل میں اپنا سفیر تعینات کر دیا ہے۔ افغانستان میں چین کے نئے سفیر ژاؤ زنگ نے کابل میں طالبان کے نگراں وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں جس کو وزیراعظم نے قبول کر لیا۔ افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی طلوع نیوز کے مطابق طالبان کے نگراں وزیر خارجہ امیر خان متقی نے چینی سفیر ژاؤ زنگ کی نامزدگی کو ایک اہم قدم قرار دیا۔حکام نے کہا کہ نئے سفیر کی آمد دیگر اقوام کے لیے آگے آنے اور طالبان کی زیر قیادت حکومت کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا اشارہ ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ افغانستان میں چین کے سفیر کی معمول کی گردش ہے اور اس کا مقصد چین اور افغانستان کے درمیان بات چیت اور تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔ افغانستان کے بارے میں چین کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کسی بھی غیر ملکی حکومت نے باضابطہ طور پر طالبان کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست اب بھی سابق صدر اشرف غنی کی سابق مغربی حمایت یافتہ انتظامیہ کے پاس ہے اور طالبان کے بعض کمانڈروں پر اب بھی پابندیاں عائد ہیں۔