اکرا: جنوبی گھانا میں ایک منی بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کی ہے۔ گھانا نیشنل فائر سروس (جی این ایف ایس) کے مشرقی علاقائی ڈویژن کمانڈر جینیفر نا یارلی کوے نے بتایا کہ حادثہ ہفتے کے روز مشرقی علاقے کی لوئر مانیا کروبو میونسپلٹی میں کوپونگ-تیما ہائی وے پر پیش آیا۔ کوے نے بتایا کہ اس حادثے میں چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور دو شدید زخمیوں کو اکیس کے سرکاری ہسپتال میں پہنچایا گیا، جہاں وہ بعد میں دم توڑ گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ منی بس نے سڑک پر کھڑی بس سے بچنے کی کوشش کی لیکن مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل جنوبی گھانا کی جھیل وولٹا میں ایک کشتی الٹنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مقامی حکام نے اس کی تصدیق کی تھی۔ خبر رساں ایجنسی شنہوا کی خبر کے مطابق، عزیزکپے الکٹورل علاقے کے اسمبلی کے رکن، ڈینیئل اڈجاکپا نے کہا کہ گریٹر اکرا کے علاقے میں اڈا کے قریب عزیزانیا سے عزیزکپے جانے والی ایک کشتی زوردار طوفان کے بعد الٹ گئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ آرگنائزیشن کے اڈا ضلعی کوآرڈینیٹر ایبینزر تائے نیرتے کسے نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ طوفان کی وجہ سے کشتی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی جس سے مسافر دریا میں گر گئے۔ وولٹا جھیل پر کشتیوں کے کئی حادثات ہوئے ہیں، جن میں حال ہی میں 24 جنوری کو اسکول جانے والی ایک کشتی الٹنے سے آٹھ اسکولی بچوں کی موت بھی شامل ہے۔