اردو

urdu

ETV Bharat / international

Brazil Presidential Election 2022 لولا دا سلوا صدارتی انتخاب میں کامیاب، بولسونارو کو شکست

برازیل کے صدارتی انتخابات میں ورکرز پارٹی کے رہنما لولا دا سلوا نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ لولا دی سلوا کو 50.9 فیصد ووٹ ملے، جب کہ موجودہ صدر جیر بولسونارو کو 49.1 فیصد ووٹ ملے۔Brazil Presidential Election 2022

lula da silva defeats bolsonaro to return as brazils president for third time
لولا دا سلوا برازیل صدارتی انتخاب میں کامیاب

By

Published : Oct 31, 2022, 4:06 PM IST

ساؤ پالو: بائیں بازو کی ورکرز پارٹی کے لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے برازیل کے صدارتی انتخابات میں سبکدوش ہونے والے صدر جیر بولسونارو کو شکست دے دی۔ الیکشن اتھارٹی نے اتوار کی رات کو بتایا کہ عام انتخابات میں ڈالے گئے کل ووٹوں کے 99 فیصد کے مطابق لولا دی سلوا کو 50.9 فیصد اور بولسونارو کو 49.1 فیصد ووٹ ملے۔Brazil Presidential Election 2022

لولا دا سلوا کے لیے یہ حیرت انگیز کامیابی رہی ہے کیونکہ سلوا 2003 سے 2010 تک برازیل کے صدر رہے۔ 77 سالہ سلوا کو 2018 میں بدعنوانی کے ایک مقدمے میں جیل کی سزا بھی سنائی گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ اسی سال انتخابات سے باہر ہو گئے تھے اور اُس وقت کے امیدوار بولسونارو کی جیت کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

لولا دا سلوا نے کامیابی کے بعد کہا کہ آج صرف فاتح برازیلین ہیں۔ یہ میری یا ورکرز پارٹی کی جیت نہیں اور نہ ہی ان پارٹیوں کی جنہوں نے انتخابی مہم میں میرا ساتھ دیا۔ یہ ایک جمہوری تحریک کی فتح ہے جو سیاسی جماعتوں، انفرادی مفادات اور نظریات سے بالاتر ہو کر اٹھتی ہے۔ یہ جمہوریت کی فتح کی علامت ہے۔

سلوا اپنی بائیں بازو کی ورکرز پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنے کی تیاری کر رہے ہیں اور وہ تمام لوگوں کو متحد کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے انھیں پہلی بار ووٹ دیا ہے۔ وہ ملک میں خوشحالی کی بحالی کا وعدہ پورا کرنا چاہتے ہیں، پھر بھی انہیں سیاسی طور پر پولرائزڈ معاشرے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، جہاں معاشی ترقی کی رفتار سست ہو رہی ہے اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ برازیل میں 1985 میں جمہوریت کی واپسی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی موجودہ صدر دوبارہ انتخاب جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ لولا اپنے حامیوں سے وعدہ کر رہے ہیں کہ وہ ایک مشکل صورتحال میں ملکی اقتدار سنبھال لیں گے، جبکہ بولسونارو نے ابھی تک انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کیا ہے۔

یہ تین دہائیوں میں ملک کا سب سے سخت مقابلہ تھا۔ 99.5 فیصد ووٹوں کی گنتی کے بعد دونوں امیدواروں کے ووٹوں کا فرق صرف 20 لاکھ ہی ہے۔ 2014 میں آخری قریبی مقابلے میں امیدواروں کے درمیان تقریباً 34 لاکھ ووٹوں کا فرق تھا۔ لولا دا سلوا یکم جنوری 2023 کو تیسری مرتبہ صدارت میں داخل ہوں گے۔

ایک آزاد سیاسی تجزیہ کار تھامس ٹرومین نے نتائج کا موازنہ امریکی صدر جو بائیڈن کی 2020 کی فتح سے کرتے ہوئے کہا کہ دی سلوا کو ایک منقسم قوم وراثت میں ملی۔اتوار کی شام انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سے لولا کو دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔یوروپی یونین نے بھی ایک بیان میں سلوا کو مبارکباد دی اور انتخابی مہم کے دوران اس کی مؤثریت اور شفافیت پر انتخابی اتھارٹی کی تعریف کی۔

امریکی صدر بائیڈن نے اتوار کو ڈا سلوا کو برازیل کا اگلا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔بائیڈن نے ایک بیان میں کہا، "میں لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کو آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات کے بعد برازیل کے اگلے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا، "میں آنے والے مہینوں اور سالوں میں ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو جاری رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی لولا ڈی سلوا کو برازیل کے صدارتی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی۔پی ایم مودی نے ٹویٹ کیا کہ برازیل میں صدارتی انتخابات جیتنے پر لولا کو مبارکباد، میں اپنے دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں، اور ساتھ ہی ساتھ عالمی مسائل پر بھی ہمارا تعاون جاری رہے گا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details