کینبرا: آسٹریلیا کی ریاست کوئنز لینڈ میں دوستوں کے ساتھ مچھلیاں پکڑنے کے دوران لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش مگرمچھ کے پیٹ سے برآمد کی گئی ہے۔ یہ اطلاع بدھ کو ایک میڈیا رپورٹ میں دی گئی۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 65 سالہ کیون ڈارموڈی کو آخری مرتبہ 30 اپریل کو کینیڈیز بینڈ میں دیکھا گیا تھا، جو کہ شمالی کوئنز لینڈ کے ایک دور افتادہ علاقہ میں کھارے پانی کے مگرمچھوں کی رہائش کے لیے مشہور ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس علاقے کی دو دن کی تلاش کے بعد جہاں ڈارموڈی کو آخری بار دیکھا گیا تھا، پولیس نے پیر کو علاقے کے ڈیڑھ کلومیٹر کے دائرے میں دو بڑے مگرمچھوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ان مگرمچھوں کی لمبائی 4.1 میٹر اور 2.8 میٹر تھی۔ ڈارموڈی کی لاش ایک مگرمچھ کے اندر سے ملی، تاہم وائلڈ لائف حکام کا خیال ہے کہ دونوں مگرمچھوں کا تعلق اس کی موت سے ہے۔