نیویارک: کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے پیر کو اوڈیشہ ٹرین حادثے پر مرکز کی بی جے پی زیرقیادت حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ ایک نظریے کی حمایت کرتی ہے، جو حقیقت کو قبول نہ کرنے کا بہانہ بناتی ہے اور تاریخ پر الزام عائد کرتی ہے۔ دو مسافر ٹرینوں اور ایک مال بردار ٹرین کے خوفناک تصادم اور پٹری سے اترنے کے نتیجے میں 275 مسافروں کی جانیں گئیں اور 1000 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ اپنے موجودہ دورہ امریکہ کے ایک حصے کے طور پر نیویارک میں امریکی نزاد بھارتی شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ جب مرکز میں کانگریس اقتدار میں تھی اور اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا تھا تو اس وقت کے وزیر ریلوے نے اپنی اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایک ٹرین حادثہ یاد ہے جب کانگریس پارٹی اقتدار میں تھی۔ کانگریس نے یہ نہیں کہا کہ ٹرین انگریزوں کی غلطی کی وجہ سے پلٹی ہے بلکہ اس وقت کے وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ میری ذمہ داری ہے اور میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔ راہل نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو اپنی غلطیوں کو قبول نہ کرنے اور سوال پوچھے جانے پر کانگریس پر الزام لگانے کی عادت ہے۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ بی جے پی سے کچھ بھی پوچھیں، تو جواب دینے کے بجائے وہ دوسرں پر الزام لگائیں گے۔