ہنوئی: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اپنے دورہ ویتنام کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ چین کے ساتھ سرد جنگ شروع کرنے کی کوشش نہیں کر رہے، انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ویتنام اور دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کو بہتر بنا کر دنیا بھر میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ ویتنام کی خبر رساں ایجنسی (وی این اے) کے مطابق بھارت میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد بائیڈن ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی پہنچے ہیں اور وی کے پی کے سیکرٹری جنرل نگوین فو ترونگ سے ملاقات کی ہے۔
ویتنام کا پہلا دورہ کرنے والے بائیڈن نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ وہ چین کے ساتھ سرد جنگ شروع کرنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں بلکہ ان کے اس دورے کا مقصد ویتنام اور دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنا کر دنیا بھر میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا ویتنام کا دورہ چین کو گھیرنے کے مقصد سے نہیں کیا، بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ وہ چین کے ساتھ تعلقات منقطع نہیں کرنا چاہتے۔