آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے ملکی انتخابات Australia Election 2022 میں شکست تسلیم کر لی ہے۔ آسٹریلین لیبر پارٹی کے رہنما اینتھونی البانیز آسٹریلیا کے اگلے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالیں گے۔ آسٹریلیا کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کے رہنما اینتھونی البانیز نے تقریباً 10 سال اپوزیشن میں رہنے کے بعد اپنی پارٹی کو انتخابی فتح تک پہنچانے کے بعد ہفتے کے روز صحافیوں کو بتایا کہ "میں ملک کو متحد کرنا چاہتا ہوں، میرے خیال میں لوگوں میں انتشار کافی زیادہ ہو چکا ہے، لیکن اب وہ ایک قوم کے طور پر متحد ہونا چاہتے ہیں اور میں اس کی قیادت کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔"
عام انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق، لیبر پارٹی نے اب تک 72 نشستیں حاصل کی ہیں، جو کہ پارلیمان کے 151 رکنی ایوان زیریں میں اکثریت سے چار نشستیں کم ہیں اور توقع ہے کہ ان کی پارٹی اکثریت کی تعداد حاصل کر لے گی۔ وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کی قیادت میں لبرل نیشنل اتحاد نے اب تک 51 نشستیں ہی حاصل کی ہیں۔ موریسن نے ہفتہ کو دیر رات شکست تسلیم کر لی حالانکہ ووٹوں کی گنتی ابھی جاری تھی۔
اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے موریسن نے کہا: "آج رات میں نے اپوزیشن لیڈر اور آنے والے نئے وزیر اعظم، اینتھونی البانیز سے بات کی ہے، اور میں نے انہیں انتخابی جیت پر مبارکباد دی ہے۔" اسکائی نیوز نے رپورٹ کیا کہ موریسن نے یہ بھی کہا کہ وہ لبرل پارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے دستبردار ہو جائیں گے۔"سی این این کے ذریعہ ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ میں نے ہمیشہ آسٹریلیائیوں اور ان کے فیصلے پر یقین کیا ہے اور میں ہمیشہ ان کے فیصلے کو قبول کرنے کے لیے تیار رہا ہوں"۔ آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ہفتے کی رات پیش گوئی کی کہ لیبر 2013 کے بعد پہلی بار حکومت بنائے گی، انتھونی البانیز ملک کے 31ویں وزیر اعظم ہوں گے۔