اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پیر کو پولیس کی گاڑی کو نشانہ بناکر کئے گئے بم دھماکے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور تقریباً 14 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اور پولیس حکام نے یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق آج صبح صوبے کے ضلع باجوڑ میں ایک پولیس ٹرک کو امپرووائزڈ ایکسپلوزیو ڈیوائس (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار ضلع میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنے جا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری امدادی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ کسی گروپ یا فرد نے دھماکے کی ابھی تک ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔