ینگون: میانمار میں اقلیتی گروپ کی جانب سے منعقدہ کنسرٹ پر فضائی حملے میں 50 افراد ہلاک ہو گئے، جس کی اقوام متحدہ اور مغربی سفارت خانوں نے مذمت کی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ شمالی ریاست کیچن میں تین طیاروں نے حملہ کیا جس میں شہری، مقامی گلوکاروں اور کیچن انڈی پینڈنس آرمی (کے آئی اے) کے افسران ہلاک ہوئے، ملٹری نے اب تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔Air strike during Myanmar Concert
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فوجی حکومت کے ترجمان نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا اور سرکاری ٹی وی کی جانب سے رات کو نیوز بلیٹن میں بھی اس واقعے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ بی بی سی کے نمائندے نے بتایا کہ یہ واقعہ اے نانگ پا خطے میں پیش آیا جس میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے جبکہ نیوز سائٹ ایراویڈے نے ہلاکتوں کی تعداد 100 کے قریب بتائی ہے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
خیال رہے کہ میانمار کی فوج نے گزشتہ برس منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا جس کے بعد میانمار لڑائی جھگڑوں کی لپیٹ میں ہے، ملک بھر میں مسلح اور مزاحمتی تحریکیں جاری ہیں، جنہیں فوج زبردستی کچل رہی ہے۔
کے آئی اے کے ترجمان ناو بو نے بتایا کہ کیچن آرمی کے سیاسی ونگ کے قیام کی 62 ویں سالانہ تقریب کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے فون پر بتایا کہ یہ انتہائی غیر اخلاقی اور غلط عمل تھا جسے جنگی جرائم میں شمار کیا جاسکتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب سے بغاوت شروع ہوئی ہے، میانمار آرمی اور حریف کے آئی اے کے درمیان جھگڑے جاری ہیں، کچین کے لوگوں کی خودمختاری کے لیے یہ لڑائی وقفے وقفے سے تقریباً 6 دہائیوں سے جاری ہے، کے آئی اے فوجی حکومت کے خلاف جاری مزاحمت کی حمایت کرتی ہے۔