اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے بجٹ کو سپورٹ کرنے اور تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر اسٹیٹ بینک کو جاری کر دیے ہیں۔ ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے بتایا کہ اے ڈی پی نے ریزیلینس وِد ایکٹو کاؤنٹر سائیکلیکل ایکسپینڈیچرز (بی آر اے سی ای) پروگرام کے تحت ایک ارب 50 کروڑ روپے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری خبر ایجنسی‘اے پی پی’کے مطابق وزارت اقتصادی امور کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آر اے سی ای پروگرام کا مقصد سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باعث توانائی اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور غریبوں اور اقتصادی طور پر کمزور طبقات پر مہنگائی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد سماجی تحفظ، غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے اقدامات اور کاروبار کے لیے تعاون کے لیے حکومت کے انسداد گردشی و ترقیاتی اخراجات کی حمایت کرنا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا بی آر اے سی ای پروگرام مضبوط معاشی بہتری کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو تقویت دے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ پروگرام عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے جاری پروگرام کے فریم ورک سے منسلک ہے جس سے سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ترجمان نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے پروگرام سے حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں حکومت کے بحران سے نمٹنے کے لیے مالیاتی اور غذائی تحفظ کے اقدامات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ پروگرام سے کاروباری اداروں اور روزگار کے تحفظ کے اقدامات کوآگے بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔