اسلام ٖآباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے تباہ کن سیلاب اور عالمی سپلائی چین میں حائل رکاوٹوں کے درمیان پاکستان میں سماجی و غذائی تحفظ کو فروغ دینے اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اس کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی بلڈنگ ریزیلینس ود ایکٹو کاؤنٹر سائکلیکل ایکسپینڈیچرز (بی آر اے سی ای) پروگرام کے تحت فراہم کردہ فنانسنگ حکومت کے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کاؤنٹر سائکلیکل ڈویلپمنٹ ایکسپینڈیچرز پروگرام کی فنڈنگ میں مدد کرے گا جو یوکرین پر روسی حملے سمیت عالمی سطح پر ہونے والے واقعات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ ADB provide Funds for Pakistan Flood Victims
ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا نے کہا کہ وبائی مرض کووڈ 19 کے بعد پاکستان کی بحالی میں بیرونی عوامل کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے کاروباری اخراجات اور مہنگائی لاکھوں پاکستانیوں خاص طور پر غریب اور کمزور طبقے کو متاثر کر رہی ہے، اے ڈی بی پروگرام حکومت کو بڑھتی قیمتوں کے اثرات، خوراک کے عدم تحفظ میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں سست روی اور پسماندہ طبقات کی آمدنی کو کم کرنے والے عوامل کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرے گا جب کہ لاکھوں لوگ سیلاب کے باعث سخت معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اے ڈی بی فنانسنگ حکومت کو اپنے کاؤنٹر سائکلیکل ڈویلپمنٹ ایکسپینڈیچرز پروگرام کو نافذ کرنے کے لیے درکار مالی گنجائش فراہم کرے گی، یہ پروگرام پاکستان کے غریب ترین خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ بحران کے دوران بہت زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ حکومت کو فراہم کی جانے والی امداد کا مقصد صنفی لحاظ سے بااختیار بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مخصوص اقدامات کو فروغ دینا ہے جو حالیہ سیلاب کے بعد مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد سے نقد رقم کی منتقلی حاصل کرنے والے خاندانوں کی تعداد 79 لاکھ سے بڑھا کر 90 لاکھ تک بڑھانے، پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں داخل ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھانے اور حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں اور کم سن بچوں کے لیے طبی سہولیات اور غذائی ضروریات کی فراہمی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی کاؤنٹر سائکلیکل سپورٹ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر لوگوں، معاشی ذرائع اور انفراسٹرکچر کی امداد کے لیے اہم رسپانس پیکج کا حصہ ہے جس نے سوا 3 کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے اور انفراسٹرکچر اور زراعت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنڈز کی منظوری کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا اللہ کا شکر ہے کہ اے ڈی بی نے آج پاکستان کے لیے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ 24 اکتوبر 2022 سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ہی معاہدے پر دستخط اور فنڈز کا اجرا ہوجائے گا۔