کیف: روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک تجربہ کار روسی جنرل یوکرین کے جنوبی شہر زاپورزہزیا کے محاذ پر میزائل حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنگ کے حامی بلاگر ووینکور نے ٹیلی گرام پوسٹ میں کہا کہ 35ویں کمبائنڈ آرمز آرمی کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سرگئی گوریاچیف دشمن کے میزائل حملے کے نتیجے میں مارے گئے۔گوریاچیف، ایک معزز کمانڈر تھے۔ اس سے قبل وہ مالڈووا کے الگ ہونے والے علاقے ٹرانسنیسٹریا میں روسی فوجیوں کی قیادت کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ونکور نے کہا کہ یونائیٹڈ گروپ آف فورسز (ایس) کی کمان کے نمائندوں کے مطابق، فوج نے آج ایک روشن ترین اور موثر ترین فوجی رہنما کھو دیا ہے۔ کئی روسی جنگی بلاگرز کا کہنا تھا کہ گوریا چیوف ممکنہ طور پر برطانوی فراہم کردہ کروز میزائل سے مارا گیا تھا۔ تاہم روسی وزارت دفاع نے ابھی تک گوریاچیف کی مبینہ ہلاکت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد سے ایک درجن سے زیادہ روسی جنرل جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، زاپورزہزیا کا علاقہ جس کا تقریباً 80 فیصد حصہ روسی افواج کے کنٹرول میں ہے، کو یوکرین کی جوابی کارروائی کے اہم مراکز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔