دہلی:دبئی سے اڑان بھرنے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز نمبر IX-192 کو حال ہی میں پاکستان کے شہر کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑا۔ یہ میڈیکل ایمرجنسی تھی۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے فضائی حدود کو استعمال کرنے کی ہنگامی اجازت دے دی جو گزشتہ چھ سال سے بھارتی طیاروں کے لیے بند تھی۔ یہی نہیں ایئرپورٹ پر ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
یہ واقعہ 14 اکتوبر کو پیش آیا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کے مطابق ان کی پرواز نمبر IX-192 دبئی کے وقت کے مطابق صبح 8.51 بجے روانہ ہوئی تھی۔ لیکن اسی دوران ایک مسافر کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ صورتحال ایسی تھی کہ فلائٹ کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ عملے کو قریب ترین ہوائی اڈہ ملا، جو پاکستان کا کراچی ایئرپورٹ تھا۔ ہنگامی صورتحال کو سمجھتے ہوئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کو اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے اور کراچی میں اترنے کی اجازت دے دی۔ پرواز 12.30 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔ اس دوران پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ پر ہی طبی سہولیات فراہم کیں۔ جیسے ہی فلائٹ ایئرپورٹ پر اتری، ڈاکٹروں کی ٹیم نے مسافر کا چیک اپ کیا۔ یہی نہیں ضروری سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے مسافر کو دوبارہ پرواز میں سوار ہونے اور بھارت جانے کی اجازت دی گئی۔