قطر: قطر نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے غزہ کی پٹی میں قید اسرائیلی اسیران تک ادویات پہنچانے اور محصور فلسطینی علاقے کے رہائشیوں تک امداد پہنچانے کی اجازت دینے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت جنگ زدہ غزہ کے سب سے زیادہ متاثرہ اور کمزور علاقوں میں فلسطینیوں کو انسانی امداد فراہم کی جائے گی جس کے بدلے میں حماس کے زیر قبضہ اسرائیلی قیدیوں کو دوائیاں فراہم کی جائیں گی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ امداد اور دوائیاں بدھ کو دوحہ سے مصری شہر العریش کے لیے روانہ ہوں گے تاکہ غزہ کی پٹی میں ان کی ترسیل کی تیاری کی جا سکے۔ ماجد الانصاری نے کہا کہ یہ معاہدہ قطر نے فرانس کے تعاون سے کیا ہے۔
قبل ازیں فرانس کی وزارت برائے امور خارجہ کے کرائسس سینٹر کے سربراہ فلپ لالیوٹ نے کہا کہ مذاکرات کئی ہفتوں سے جاری تھے اور اس کا ابتدائی خیال اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ سے آیا تھا۔