کابل: طالبان نے افغان خواتین کو اب جم اور عوامی مقامات پر واقع حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ یہ فیصلہ خواتین پر پارک اور دیگر تفریحی مقامات اور میلوں پر پابندی عائد کیے جانے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ پاکستانی اخبار ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد سے افغان خواتین کی عوامی زندگی اور آزادیوں کو دبایا جا رہا ہے جبکہ افغان طالبان نے 2001 میں ختم ہونے والے اپنے سابقہ دور حکومت کی نسبت اس مرتبہ نرمی کے ساتھ حکومت کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔Taliban ban Afghan women
سرکاری ملازمت پر موجود زیادہ تر خواتین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں یا انہیں گھر بٹھا کر پیسے ادا کیے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کو کسی مرد رشتہ دار کے بغیر سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے اور گھر سے باہر نکلتے وقت ان کے لیے خود کو برقع یا حجاب سے ڈھانپنا ضروری ہے، اسی طرح سے طالبان کی اگست 2021 میں اقتدار میں واپسی کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں نوعمر لڑکیوں کے اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
وزارت برائے پریوینشن آف وائس اینڈ پروموشن آف ورچو (امر بالمعروف ونہی عن المنکر) کے ترجمان محمد عاکف صادق مہاجر نے کہا خواتین کے جم جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، کیونکہ خواتین کے جمز میں ان کے ٹرینر مرد ہوتے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ جمز مخلوط ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے عوامی حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔