کابل: افغانستان ایک پروفیسر نے مقامی میڈیا طلوع نیوز کے لائیو ٹی وی پروگرام میں ڈگریاں پھاڑ کر خواتین کو اعلیٰ تعلیم سے روکنے کے طالبان کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں لائیو ٹی وی پروگرام میں کابل یونیورسٹی کے پروفیسر نے اپنی ڈپلومہ کی ڈگریاں پھاڑ دیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، گزشتہ دنوں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔Taliban ban on women education
ٹوئٹر پر وزیر برائے افغان آباد کاری اور وزیر برائے مہاجرین کی سابقہ پالیسی مشیر شبنم نسیمی نے ایک لائیو شو کا کلپ شیئر کیا۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پروفیسر اپنے تعلیمی اسناد کو ایک ایک کر کے اٹھا کر کیمرے میں دکھاتا ہے اور پھر وہ ایک ایک کرکے انہیں پھاڑ دیتا ہے۔ شبنم نسیمی نے اس کلپ کو پریشان کُن مناظر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ افغانستان میں لائیو ٹی وی شو کے دوران کابل یونیورسٹی کے پروفیسر نے اپنے ڈپلومہ سرٹیفکیٹ کو ضائع کردیا۔