خرطوم:سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہفتے کے روز متحارب فورسز کے درمیان شروع ہونے والی جھڑپوں کے دوران میں فائرنگ سے سعودی عرب کے ایک مسافر طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ خرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر طیارہ اس وقت فائرنگ کی زد میں آگیا جب وہ الریاض روانہ ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارے کے عملہ کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور انھیں بہ حفاظت خرطوم میں سعودی سفارت خانے میں پہنچا دیا گیا ہے۔ دریں اثناء سوڈان کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے تمام سعودی طیارے مملکت میں واپس آگئے ہیں اور السعودیہ ائیرلائنز نے سوڈان کے لیے اپنی تمام پروازوں کی آمد ورفت تاحکم ثانی معطل کردی ہے۔
بیان کے مطابق السعودیہ کا ایمرجنسی رابطہ مرکز کا عملہ گراؤنڈ اسٹاف اور سوڈان میں سعودی سفارت خانہ کے ارکان کے ساتھ مل کراس واقعہ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ خرطوم میں سوڈانی فوج اور نیم فوجی سریع الحرکت فورسز کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں اور ان دونوں نے صدارتی محل اور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قبضے کے دعوے کیے ہیں۔سوڈانی ڈاکٹروں کی یونین کے مطابق ان جھڑپوں میں 56 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ سوڈان میں بھارتی سفارت خانے نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کے روز فوجی تصادم کے درمیان ایک بھارتی کی بھی موت ہوگئی ہے۔ اس شخص کی شناخت البرٹ آگسٹین کے نام سے ہوئی ہے اور وہ وہاں ڈل گروپ کی ایک کمپنی میں ملازم تھا۔