نئی دہلی:سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پارٹی کے کارکنوں سے آج لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا جلسہ پچھلے تمام ریکارڈز توڑ دےگا۔ عمران خان نے اپنی ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مینارِ پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ تمام ریکارڈز توڑ دے گا۔ انہوں نے لکھا کہ آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہے اور میرا دل کہہ رہا ہےکہ یہ پہلے تمام ریکارڈز توڑ دے گا، میری لاہور میں سب کو دعوت ہےکہ نمازِ تراویح کے بعد اس تاریخی جلسے میں شریک ہوں۔ یہ بھی پڑھیں:
Minar Pakistan Lahore : مینارِ پاکستان پر پی ٹی آئی کا بڑا جلسہ آج - مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کا بڑا جلسہ
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج رات مینارِ پاکستان پر ہمارا چھٹا جلسہ ہے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ پہلے کے تمام ریکارڈز توڑ دے گا، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں سب کو دعوت دی جاتی ہےکہ نمازِ تراویح کے بعد اس تاریخی جلسہ میں شریک ہوں۔
ڈان نیوز کے مطابق عمران نے کہا کہ میں حقیقی آزادی کے اپنے ویژن پر روشنی ڈالوں گا اور اپنی قوم کو بتاؤں گا کہ ہم پاکستان کو تباہی کی اس دلدل سے کیسےنکالیں گے جس میں ان مجرموں کے اس گروہ نے ملک کو دھکیلا ہے۔ عمران خان نے اندیشہ ظاہر کیا کہ عوام کو جلسہ میں شرکت سے روکنے کے لیے یہ لوگ ہر طرح کی رکاوٹیں ڈالیں گے مگر میں سب کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ایک سیاسی جلسہ میں شرکت کرنا عوام کا بنیادی حق ہے، چنانچہ اپنا حق استعمال کیجیے اور مینارِ پاکستان کے اس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں۔ واضح رہے کہ عمران خان نے 13 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ مینار پاکستان پر 19 مارچ کو جلسہ کریں گے، یہ وہی مقام ہے جہاں انہوں نے 2013 کے انتخابات کے لیے اپنی سیاسی طاقت کا زبردست مظاہرہ کیا تھا، تاہم لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کو اپنا جلسہ ری شیڈول کرنے اور انتظامیہ سے بات چیت کرنے کی ہدایت کی تھی۔
تاہم بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے 22 مارچ کو پی ٹی آئی کی درخواست کو قبول کرلیا تھا جس میں پی ٹی آئی اور انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہونے کے بعد جلسہ کی اجازت مانگی گئی تھی۔ پی ٹی آئی لاہور کے صدر امتیاز محمود نے شرائط و ضوابط کو قبول کرتے ہوئے حلف نامہ جمع کرایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پنڈال میں ریلی 25 مارچ رات 10 بجے شروع ہوگی اور رات 3 بجے ختم ہوجائےگی، ڈی سی اور سی سی پی او نے درخواست گزار کے بیان اور حلف نامے کو قبول کرلیا تھا۔