کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گنٹے میں سیلاب کی وجہ سے مزید 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق پی ڈی ایم اے سندھ نے تفصیلات جاری کر دی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 مرد اور دو بچے شامل ہیں، 20 جون سے 21 ستمبر کے دوران سندھ میں 707 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ 8 ہزار 422 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 278 مرد، 132 عورتیں اور 297 بچے شامل ہیں، جب کہ مون سون کے آغاز سے اب تک 8 ہزار 422 افراد مختلف حادثات میں زخمی ہوئے۔زخمیوں میں 2 ہزار 954 مرد، 2 ہزار 211 عورتیں اور 3 ہزار 247 بچے شامل ہیں۔ دوسری جانب حکومت سندھ نے فلڈ ریلیف فنڈ کمیٹی قائم کر دی ہے، جس کا اجلاس چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔