اقوام متحدہ: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عالمی بحرانوں نے دنیا کی نصف سے زائد غریب آبادی پر مشتمل 54 ممالک کو قرضوں میں ریلیف کی اشد ضرورت میں مبتلا کردیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک نئی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ درجنوں ترقی پذیر ممالک قرضوں کے تیزی سے گہرے ہوتے بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور 'ان کے غیر فعال ہونے کے خطرات سنگین ہیں '۔UN On Debt Relief
یو این ڈی پی نے کہا کہ فوری ریلیف کے بغیر کم از کم 54 ممالک غربت کی سطح میں اضافہ دیکھیں گے، اور 'موسمیاتی موافقت اور تخفیف میں سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے'۔ادارے نے کہا ہے 'یہ تشویشناک ہے کہ متاثرہ ممالک دنیا میں سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔' مذکورہ رپورٹ میں فوری کارروائی کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی جو واشنگٹن میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)، ورلڈ بینک، اور جی 20 کے وزرائے خزانہ کے اجلاسوں سے قبل شائع ہوئی۔
یو این ڈی پی کے سربراہ ایچم اسٹینر نے جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'لیکن بار بار انتباہ کے باوجود 'اب تک بہت کم کام ہوا ہے، اور خطرات بڑھ رہے ہیں '۔انہوں نے کہاکہ 'یہ بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور دنیا بھر کے درجنوں ممالک میں ایک مضبوط ترقیاتی بحران پھیلنے کا خطرہ ہے۔'انہوں نے کہا کہ غریب، مقروض ممالک کو بدلتے ہوئے معاشی دباؤ کا سامنا ہے اور بہت سے لوگوں کو اپنے قرض کی ادائیگی یا نئی مالی اعانت تک رسائی ناممکن نظر آتی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ کووڈ 19 وبائی بیماری سے بہت پہلے سے متاثرہ ممالک میں قرضوں سے متعلق پریشانیاں پیدا ہو رہی تھیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ دہائی میں تیزی سے بڑھتے ہوئے قرضوں کو مسلسل عدم توجہ کا شکار رکھا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 54 میں سے 46 ممالک نے 2020 میں مجموعی طور پر 782 ارب ڈالر کا عوامی قرضہ لیا، اس رقم میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ صرف ارجنٹائن، یوکرین اور وینزویلا کا ہے۔صورت حال تیزی سے بگڑ رہی ہے، ترقی پذیر ممالک میں سے 19 اب مؤثر طریقے سے قرض دینے والی منڈی سے باہر ہو چکے ہیں، جن کی تعداد سال کے آغاز میں 10 تھی۔