بیروت: پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین – جنرل کمانڈ (PFLP-GC) نے شام کی سرحد کے قریب مشرقی لبنان میں ایک دھماکے میں اپنے پانچ ارکان کی ہلاکت کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔PFLP-GC کے ایک اہلکار انور راجہ نے کہا کہ بدھ کے روز ایک اسرائیلی حملے نے لبنان کے قصبے قصایا میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ تاہم نامعلوم اسرائیلی ذرائع نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ اسرائیل اس حملے میں ملوث نہیں تھا۔ اسرائیل اور نہ ہی لبنانی فوج یا ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کی طرف سے کوئی سرکاری تبصرہ سامنے آیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنانی اور فلسطینی ذرائع سے متضاد اطلاعات موصول ہورہی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دھماکہ اسلحہ ڈپو میں پرانے راکٹ یا بارودی سرنگوں کے پھٹنے کا نتیجہ تھا جب انہیں منتقل کیا جا رہا تھا۔ لبنان میں مقیم PFLP-GC کے ایک اور اہلکار، ابو وائل عصام نے کہا کہ ان کا گروپ مناسب وقت پر جوابی کارروائی کرے گا اور یہ حملہ ان کے گروپ کو اسرائیلی دشمن کے خلاف لڑائی سے نہیں روک سکے گا۔