کوسوو: جنوب مشرقی یورپ کے خود مختار ملک جمہوریہ کوسوو میں البانوی میئرز کی برطرفی کے مطالبے میں شدت آ گئی ہے، علاقے میں فسادات پھوٹ پڑے ہیں، اب تک پرتشدد مظاہروں میں 30 نیٹو فوجی اور 52 مظاہرین زخمی ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم اکثریت والے ملک کوسوو کے شمال میں سرب اکثریتی علاقوں میں اپریل کے انتخابات کے بعد منتخب ہونے والے البانوی میئرز کو عہدے سنبھالے تھے، جب کہ سربوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا اور نسلی فسادات شروع ہوگئے، جس کی وجہ سے وہاں بدامنی شدت اختیار کر گئی ہے۔
کوسوو کی پولیس نے سرب اکثریتی علاقوں پر چھاپا مارا اور مقامی میونسپلٹی کی عمارتوں پر قبضہ کر لیا ہے، ادھر دوسری جانب کوسوو کی پولیس، نیٹو کی زیرقیادت امن دستوں اور مقامی سربوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہو رہی ہیں، جس میں علاقے کے شمال میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے جمعہ کو دارالحکومت پرسٹینا کی سرزنش کی، امریکہ نے اکثریتی سرب شمالی علاقوں میں کشیدگی بڑھانے سے بچنے کے لیے مشورے کو نظر انداز کرنے پر کوسوو کے خلاف اقدامات کا اعلان کر دیا ہے، امریکہ نے البانوی میئرز کو طاقت کے ذریعے لگانے کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔ کوسوو کو یورپ میں امریکی قیادت میں جاری فوجی مشقوں میں شرکت سے بھی نکال دیا گیا ہے۔