بنگلہ دیش میں تباہ کن سیلاب Floods hit Bangladesh آنے کے بعد پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں افراد ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کے تقریباً ایک درجن اضلاع میں شدید سیلاب کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔ ملک کے ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور کنٹرول روم کی روزانہ سیلاب کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے چار اضلاع کے سیلاب زدہ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 16 جون سے جنوب مشرقی ضلع چٹوگرام میں مٹی کے تودے گرنے سے چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈھاکہ سے تقریباً 296 کلومیٹر شمال مشرق میں، سلہٹ کے سونام گنج ضلع سے پیر کو ایک اور موت کی اطلاع ملی، جہاں جمعرات کی رات سیلابی پانی میں بہہ جانے والے ایک پولیس اہلکار کی لاش ہفتے کی رات برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ، اتوار کے روز مزید چھ افراد کی موت ہو گئی اور دسیوں ہزار لوگوں کو تقریباً 1,000 سیلابی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا، خاص طور پر ملک کے شمال مشرقی سلہٹ اور سونام گنج اضلاع میں، جہاں کی پوری چھ ملین آبادی کو اب تک کے بدترین سیلاب سے متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف کی وزارت کے تحت ملک کے نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کی طرف سے تیار کردہ آفات کی صورتحال کی رپورٹ میں، بنگلہ دیش کے تقریباً 10 اضلاع میں ہزاروں خاندان گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ مقامی ٹی وی رپورٹس میں سیلاب کی وجہ سے ملک کے بنیادی طور پر شمال مشرقی علاقے کے وسیع حصّوں میں رہائش، فصلوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
بنگلہ دیش کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور ریلیف کی وزارت کے سکریٹری، محمد قمر الحسن نے بتایا کہ دسیوں ہزار پولیس اہلکار، بنگلہ دیشی فوج کے سپاہی اور ہنگامی خدمات کے عملے کے ارکان کو تلاش اور بچاؤ کی کوششوں میں مدد کے لیے ملک کے کچھ حصوں میں تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، "بنگلہ دیش کی فوج کے سپاہیوں کو پہلے ہی تعینات کر دیا گیا ہے کیونکہ سیلاب نے سونام گنج اور سلہٹ کے شمال مشرقی اضلاع میں تباہی مچا رکھی ہے۔"
بنگلہ دیش کے ریاستی وزیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور ریلیف محمد انعام الرحمن نے ہفتے کے روز صحافیوں کو بتایا کہ ملک کی سرکاری اور نجی ایجنسیاں دونوں مل کر سلہٹ کے علاقے میں کام کر رہی ہیں، جو 122 برسوں میں بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے۔