کوالالمپور: ملائیشیا میں ایک ہائی وے پر ایک نجی طیارہ لینڈنگ کے وقت کار اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد سمیت زمین پر حادثے سے متاثر ہونے والے دو افراد بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ جیسے ہی ہائی وے پر کار سے ٹکر ہوئی تو یہ آگ کا گولہ بن کر تباہ ہو گیا۔ یہ طیارہ ایک ریزورٹ جزیرے لنگکاوی سے دارالحکومت کوالالمپور کے مغرب میں واقع ریاست سیلنگور جا رہا تھا۔ حکام نے بتایا کہ بیچ کرافٹ ماڈل 390 طیارے کا جمعرات کو گرنے سے قبل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ مقامی انتظامیہ کے اہلکار حسین عمر خان نے کہا کہ ’کوئی ہنگامی کال نہیں تھی طیارے کو لینڈنگ کی کلیئرنس دی گئی تھی۔‘
’طیارے کے فلائٹ مینی فیسٹ کے مطابق ایک مقامی سیاستدان سمیت آٹھ افراد اس چھوٹے ہوئی جہاز میں سوار تھے۔ تاہم، ٹرانسپورٹ کے وزیر انتھونی لوک نے مقامی اسپتال میں فرانزک ٹیسٹ کے نتائج تک ہلاکتوں کی شناخت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پائلٹ شہرول کمال روسلان اس حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ملائیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارے کو پرواز کے لیے کلیئر کر دیا گیا تھا اور دونوں پائلٹ تجربہ کار تھے۔ تفتیش کار طیارے کے بلیک باکس یا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کو تلاش کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انتھونی لوک نے کہا کہ ’ابھی ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ حادثے کی وجہ کیا تھی کیونکہ تحقیقات جاری ہیں۔‘