اردو

urdu

ETV Bharat / international

یمن: حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول صنعا پر فضائی حملے

ایک طرف دنیا میں جہاں لوگ کورونا وائرس جیسے خوفناک اور جان لیوا وبا سے دوچار ہے وہیں سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت میں فضائی حملے کئے ہیں۔

یمن: حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول صنعا پر فضائی حملے
یمن: حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول صنعا پر فضائی حملے

By

Published : Mar 31, 2020, 1:29 PM IST

اس سے دو روز قبل حوثی باغیوں نے ناکام ڈرون اور میزائل حملہ کر کے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنایا تھا۔مقامی افراد کے مطابق صدارتی محل، ایک فوجی اسکول اور صنعا ایئرپورٹ کے قریب ایک ایئر بس کو نشانہ بنایا گیا اور شہر بھر میں بہت زوردار دھماکہ سنا گیا۔

عالمی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کے نشریاتی چینل المسیرہ نیوز نے کہا کہ فوجی اسکول پر کیے گئے فضائی حملے سے 70 گھوڑے ہلاک جبکہ 30 زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی عرب کے حوثی تحریک کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے جس کے بعد سے صنعا شہر میں بمباری انتہائی کم ہوگئی تھی۔

قبل ازیں جمعرات کو ہی دونوں متحارب فریقین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اقوامِ متحدہ کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبہ کا خیر مقدم کیا تھا۔

تاہم گزشتہ ماہ سعودی اتحاد کی جانب سے متعدد گاؤں اور قصبوں میں فضائی حملوں کے بعد الجوف اور مارب صوبوں میں دوباہ شدید لڑائی شروع ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ سعودی فوجی اتحاد کی ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے مارچ 2015 سے لڑائی جاری ہے۔

فوجی اتحاد کے حکام نے ایک تفصیلی بیان میں کہا کہ انہوں نے باغیوں کے زیر قبضہ فوجی اہداف کا تباہ کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا ہے تاہم انہوں نے مزید وضاحت نہیں کی۔

حکام کا کہنا تھا کہ باغیوں کے زیر اثر صنعا میں 12 سے زائد فضائی حملے کئے گئے جس میں دارالحکومت کے شمال میں ایک فوجی اکیڈمی پر 6 حملے اور صنعا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندر ایک فوجی ایئر بیس پر 4 حملے شامل ہیں۔اس کے علاوہ شمال مشرقی صوبہ ارمان میں بھی فضائی حملے رپورٹ ہوئے۔

اس سے قبل سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے ہفتے کے روز دارالحکومت ریاض پر رات گئے فائر کئے گئے میزائل روک کر انہیں تباہ کردیا تھا۔

دوسری جانب فوجی حکام اور قبائلی رہنماؤں نے بتایا کہ یمن کی حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان الجوف اور مارب میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں گزشتہ 2 روز کے دوران دونوں اطراف سے 45 سے زائد جنگجو مارے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے صوبہ مارب میں صرواح کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن حکومتی فورسز سے سعودی اتحاد کے فضائی حملوں کے تعاون سے حوثی باغیوں کے حملے کو پسپا کردیا۔

ادھر یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھس نے مارب میں لڑائی میں شدت آنے اور باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details