اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ کے بعد تباہ حال غزہ پٹی کی تعمیر نو کے لئے فکر مند اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این ڈبلیو آر اے) کے کمشنر جنرل فلپ لزارینی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی گھرانوں کو بے دخل کرنے کی کوششیں ترک کر دے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز شیخ جراح کے علاقے کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ فلپ نے باور کرایا کہ ان گھرانوں کو اسرائیلی کارروائیوں کے سبب شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شیخ جراح کا معاملہ تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ فلپ کے مطابق لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کرنا یہ تمام بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہے۔
واضح رہے کہ شیخ جراح کے علاقے میں گذشتہ ماہ اسرائیلی فورسز اور متعدد فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں دیکھی گئی تھیں۔ یہ صورت حال اسرائیل کی جانب سے علاقے میں بعض جائیدادوں کو خالی کرانے کے فیصلے کے بعد پیدا ہوئی۔ بعد ازاں جھڑپوں کی چنگاری مسجد اقصیٰ کی جانب بھی چلی گئی۔
اس دوران میں پرتشدد واقعات اور جھڑپوں کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان 11 روزہ جنگ ہوئی جس میں ڈَھائی سو سے زائد فلسطینی ہلاک اور ایک ہزار سے زائد ز‘خمی ہوگئے تھے۔ اس لڑائی میں 12 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے تھے۔