مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے انتظامی امور سے متعلق جنرل پریذیڈنسی کے محکمہ صفائی اور قالین نے اعلیٰ کارکردگی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
محکمہ صفائی اور قالین کے فیلڈ سیکرٹری فھد شراز المالکی نے پریذیڈنسی کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ 'ان کے زیر کمان شعبہ صفائی کے عملے نے لاکھوں عبادت گذاروں کی موجودگی میں مطاف کے صحن کو صرف اور صرف نو منٹ کی قلیل مدت میں شیشے کی طرح چمکا دیا۔
اس موقع پر صحن میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے عبادت گذاروں کی کافی تعداد حرم کے مطاف اور ملحقہ علاقوں میں موجود رہی۔
پہلے مرحلے میں مطاف کے فرش پر موجود بارش کا پانی خشک کیا گیا تاکہ مغرب کی نماز ادا کی جا سکے، جس کے بعد 200 افراد پر مشتمل صفائی کے عملے نے 22 نگرانوں اور 16 صفائی مشینوں کے ذریعے فرش کی دھلائی کی۔
آخر میں مطاف کو 80 لیٹرعود اور گلاب عرق سے معطر کیا گیا۔