یوں تو اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے لیکن بعض اوقات یہ اختلاف رائے اس حد تک پہنچ جاتا ہے کہ وہ حسن کے بجائے بدصورت اور بھیانک نظر آتا ہے جس کی مثال بیشتر ممالک کے ایوانوں میں ہونے والے اجلاسوں کے دوران نظر آتی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کی ایک اور تازہ مثال کویت کے ایوان بالا میں دیکھی گئی، کویتی پارلیمنٹ نے منگل کو قومی بجٹ کی منظوری دی۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ کے درمیان ہاتھا پائی کی نوبت آگئی۔ پارلیمانی فورس کو اس وقت مداخلت کرنا پڑی جب اپوزیشن اور سرکاری ممبران سے گتھم گتھا ہوگئے۔ کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 32 ارکان پارلیمنٹ نے بجٹ کے حق میں ووٹ ڈالا۔ 30 ممبران پارلیمنٹ ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن ممبران نے وزرا کی نشستوں پر قبضہ کرلیا، کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مرزوق الغانم نے بجٹ پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس کے دوران کویتی وزرا پارلیمنٹ ہال کے دروازے پر کھڑے رہے کیونکہ اپوزیشن ممبران ان کی نشستوں پر قابض تھے۔ بعض ارکان نے بجٹ پر بحث کو معطل کرنے کے لیے ڈیسک بھی بجائے۔