آئرلینڈ کی مصنفہ سیلی رونی نے اسرائیل-فلسطین تنازع پر اپنے موقف کی وجہ سے ایک اسرائیلی پبلشنگ کمپنی موڈان کی جانب سے ان کے تازہ ترین ناول (Beautiful World Where Are You) کو عبرانی میں ترجمہ کرنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔
31 سالہ رونی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ موڈان کی جانب سے (Beautiful World, Where Are You) کے عبرانی زبان میں ترجمے کے پیشکش کو ٹھکرا دینے کا فیصلہ فلسطین کی قیادت میں بائیکاٹ، تقسیم اور پابندیوں (بی ڈی ایس) تحریک (Palestinian-led Boycott, Divestments and Sanctions movement) کی حمایت میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ بی ڈی ایس تحریک، فلسطین کے حقوق پر غیر قانونی جبر کرنے پر اسرائیل کا مکمل ثقافتی ، معاشی اور تعلیمی بائیکاٹ کا مطالبہ کرتا ہے۔
سیلی رونی نے کہا، "فی الحال ، میں نے اپنے ترجمہ کے حقوق کو اسرائیلی مقیم پبلشنگ ہاؤس کو نہ فروخت کرنے کا انتخاب کیا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ ہر کوئی میرے فیصلے سے متفق نہیں ہوگا، لیکن موجودہ حالات میں میرے لیے کسی اسرائیلی کمپنی کے ساتھ نیا معاہدہ قبول کرنا درست نہیں ہوگا، کیونکہ اس کمپنی نے نسلی تفریق کی اسرائیلی پالیسی سے عوامی سطح پر دوری نہیں اختیار کی اور اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ ہونے کے باوجود فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت بھی نہیں کی۔‘‘
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے رونی کے فیصلے پر ابتدائی میڈیا رپورٹس پر غصے کا اظہار کیا جس کے بعد رونی نے واضح کیا کہ وہ اپنی کتاب کا عبرانی میں ترجمہ کیے جانے کے خلاف نہیں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ "میرے نئے ناول کے عبرانی زبان میں ترجمے کے حقوق اب بھی دستیاب ہیں اور اگر میں اس حقوق کو بی ڈی ایس موومنٹ کے رہنما اصولوں کے مطابق فروخت کرنے کا کوئی راستہ تلاش کروں تو مجھے ایسا کرنے پر بہت خوشی اور فخر ہو گا۔"
رونی کے تین ناول اب تک شائع ہو چکے ہیں۔ ان میں سے پہلا ناول سن 2017 میں چھپا تھا اور اس کا نام 'دوستوں کے ساتھ گفتگو ‘ (کنورسیشن وِد فرینڈز) تھا۔ دوسرا ناول سن 2018 میں 'عام افراد‘ (نارمل پیپل) کے عنوان سے شائع ہوا۔ تیسرا ناول رواں برس ستمبر میں شائع ہوا ہے، اس کا نام 'خوبصورت دنیا، تم کہاں ہو‘ (بیوٹیفُل ورلڈ، ویئر آر یُو) ہے۔