ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے بتایا کی ایرانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری تک بیرون ملک سے کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
خیال رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ نے حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ کورونا ویکسین بیرون ملک سے نہ منگوائے بلکہ مقامی سطح پر تیار کی جائے۔ تاہم، ان کے اس فیصلے کے خلاف مقامی اور عالمی سطح پر ایک مہم چلائی گئی تھی جس میں ان سے ویکسین کی درآمد پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے کورونا ویکسین کا پہلا کنٹینر بہت جلد ایران پہنچے گا۔
سعید نمکی نے تہران میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خامنہ ای نے کبھی یہ نہیں کہا کہ خطرے سے دوچار شہریوں کی زندگی بچانے کے لیے بیرون ملک سے ویکسین نہ منگوائی جائے۔