سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل Jamal KhashoggiMurder کرنے والی ٹیم کے مشتبہ رکن کو فرانس میں گرفتار کر لیا گیا۔ جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق 33 سالہ شخص کو روئیسی ہوائی اڈے پر اُس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ ریاض جانے والی پرواز میں سوار ہونے والا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والا مشتبہ شخص خالد اید الوطیبی کو پیرس سے باہر چارلس ڈیگال ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ان 26 سعودیوں میں سے ایک ہے جنہیں ترکی نے اکتوبر 2020 سےشروع ہونے والے مقدمے میں فرار قرار دیا تھا، گرفتار ملزم پر جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے عمر قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
'جمال خاشقجی کے قاتلوں کو قیمت ادا کرنی پڑے گی'
'خاشقجی کے قتل کے لیے سعودی حکومت ذمہ دار'
پولیس کے مطابق 33 سالہ خالد جو کہ سعودی شاہی محافظ ہے اپنے نام سے ہی سفر کر رہا تھا جبکہ گرفتار کرنے کے بعد اسے عدالتی حراست میں رکھا گیا۔ ملزم کو آج (بدھ) کو پراسیکیوٹر کے روبرو پیش کیا جائےگا۔
وہیں سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جمال خاشقجی قتل سے تعلق کے شبہے پر پیرس میں گرفتار کیے جانے والے شخص کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے شخص کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ جمال خاشقجی Jamal Khashoggiکو 2018 میں استنبول میں سعودی قونصل خانے میں انتہائی بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا۔