سعودی عرب نے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید پانچ مساجد کو وقتی طور پر بند کر دیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور، دعوت اور رہنمائی نے مملکت کے تین ریجنز میں نمازیوں کے درمیان کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پانچ مزید مساجد بند کر دی ہیں۔
حالیہ فیصلے کے بعد کورونا وائرس کی موجودگی کی وجہ سے بند ہونے والی مساجد کی کل تعداد 62 ہوگئی ہے۔ وزارت کے فیصلے اور نمازیوں کی صحت کے پیش نظر ان میں 52 مساجد کے اندر سینیٹائزیشن اور صفائی کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے نمازیوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
وزارت دعوت نے نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے شبہ میں مسجد جانے سے پرہیز کریں تاکہ ان سے دوسرے نمازیوں میں کورونا وائرس منتقل نہ ہو سکے۔