متحدہ عرب امارات میں پہلا ڈیجیٹل بینک کھل گیا، جس کے بعد بینک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کا پہلا مکمل ڈیجیٹل بینک الماریہ کمیونٹی بینک نے اپنی موبائل ایپلی کیشن کو ’یو اے ای پاس‘ کے ساتھ مربوط کیا ہے جو رہائشیوں کو بغیر ستاویزات فراہم کیے بچت اور کرنٹ اکاؤنٹ کھولنے کی پیشکش کرے گا۔
ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ذریعہ شروع کی گئی یو اے ای پاس ایپلی کیشن پہلی قومی ڈیجیٹل شناخت اور دستخطی ایپ ہے جو صارفین کو تمام امارات میں اسمارٹ فون پر مبنی تصدیق کے ذریعے سرکاری سروس فراہم کرنے والوں کو اپنی شناخت کو پہچاننے کے قابل بناتی ہے۔
بینک اپنے نفاذ کے شیڈول کے تحت مصنوعات اور خدمات جیسے فکسڈ ڈپازٹ، فنڈ ٹرانسفر، چیک بک، کیش ڈپازٹ سروسز، اے ٹی ایم سروسز، چھوٹے اکاؤنٹس، فیملی اکاؤنٹس، بزنس اکاؤنٹس، ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈز اور ڈیجیٹل ڈیبٹ کارڈز متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے اور یو اے ای پلس پر ایک اکاؤنٹ بنا کر صارف کو مختلف دیگر سروس فراہم کرنے کے علاوہ مقامی اور وفاقی حکومت دونوں اداروں میں ایک ہی ڈیجیٹل شناخت حاصل ہوگی۔