مناسکِ حج کا آج پانچواں روز ہے۔ گزشتہ روز حجاج کرام نے مِنی میں رمی جمرات کے بعد حجاج نے دن کا بقیہ وقت مِنی میں اپنے خیموں میں ہی گزارا۔
آج اتوار کو مناسکِ حج کے پانچویں روز بھی حجاج کرام رمی جمرات کریں گے اور اس کے بعد طواف وداع کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔
حجاج کرام مکہ مکرمہ میں طوافِ زیارت کرنے کے بعد جمعے کی شب واپس منی پہنچے تھے۔ اس سلسلے میں سعودی حکام نے اللہ کے مہمانوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر احتیاطی اقدامات کیے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حج کا چوتھا دن: حجاج کا منی میں قیام
وزارت صحت کے مطابق مناسکِ حج کے تیسرے روز (جمعہ) تک حجاج کرام میں کوئی شخص کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعے کے روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ رواں برس حج کے اقدامات کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو کورونا کی وبا سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس واسطے رواں سال سرکاری اداروں کی کوششیں کئی گنا بڑھ گئیں۔
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے انسداد امراض نے کہا تھا کہ رواں سال حج سیزن پر صحت پروٹوکول کی روشنی میں حجاج کرام کو جراثیم سے پاک (سینیٹائزڈ) کنکریاں تھیلی میں بند کر کے فراہم کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کورونا کی وبا سے بچاؤ کے لیے اختیار کردہ طریقہ کار کے مطابق رمی جمرات کے لیے حجاج کو چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک وقت میں ایک سے زائد گروپ کو رمی کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس کے علاوہ رمی جمرات کے دوران حجاج کرام کے درمیان 2.5 میٹر کے سماجی فاصلے پر بھی پوری طرح عمل درامد یقینی بنایا گیا۔