مصر نے قطری پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہے اور دونوں ممالک کے مابین پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
الاحرام سرکاری اخبار کے مطابق، مصر کے پروازوں پر پابندی کے خاتمے سے قطری پروازوں کو مصری فضائی حدود عبور کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء میں منظور کیے جانے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اعلامیے کی روشنی میں آج مصر نے قطری جہاز کو مصر آنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، آئندہ چند دنوں کے دوران قطر اور مصر کے سفارتی اور سیکیورٹی حکام کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آنے والے چند ہفتوں کے دوران قطر، مصر میں متعدد اقتصادی منصوبے شروع کرنے جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کو مکمل کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ ان اقتصادی منصوبوں میں سرفہرست ’دیار کمپنی‘ کو مصر میں ’سیٹی جیٹ‘ تعمیراتی منصوبہ مکمل کرنے کی منظوری شامل ہے۔
یاد رہے کہ سنہ 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی، سفری اور تجارتی تعلقات ختم کر دیے تھے۔ ان ممالک نے قطر کے ساتھ فضائی حدود کے علاوہ زمینی اور سمندری سرحدیں بھی بند کر دی تھیں۔ قطر پر شدت پسندوں کی حمایت کرنے کا الزام تھا۔