تہران: ایران میں عالمی وبا کورونا وبا ایک بار پھر بے قابو ہوتی نظر آرہی ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر 2 منٹ کے بعد ایک شخص کورونا سے ہلاک ہورہا ہے اور ایک دن میں 588 اموات کا نیا ریکارڈ بھی قائم ہوا ہے۔
سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور کئی شہروں کے اسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے بستر ختم ہوچکے ہیں۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سست ویکسینیشن پر حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ 8 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں اب تک صرف 4 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔
ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے کل اموات 94،603 تک پہنچ گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 40،808 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔