سعودی ای ویزا پورٹل کے مطابق 'وہ مہمان جنہوں نے سائنو فارم یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لگوا رکھی ہیں انہیں اس وقت قبول کیا جائے گا جب وہ مملکت کی منظورہ کردہ چاروں میں سے کوئی ایک ویکسین کی اضافی خوراک لگوالیں '۔ سعودی عرب نے یکم اگست سے بین الاقوامی سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھولنے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے جن کے لیے فائزر، ایسٹرازینیکا، موڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین لگوانے کی شرط رکھی گئی تھی۔
سعودی حکام کی جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا تھا کہ 'ملک میں آنے والے سیاحتی ویزے کے حامل افراد کو آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا، فائزر/بائیو این ٹیک یا موڈرنا کی 2 خوراکیں یا جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی ایک خوراک لگوانے کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث 17 ماہ کی بندش کے بعد مکمل ویکسینیٹڈ غیر ملکی سیاحوں کے لیے یکم اگست سے اپنی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم ریاض کی جانب سے تاحال عمرے کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کے لیے پابندیوں میں نرمی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی منظور شدہ ویکسینز فائزر، ایسٹرازینیکا، ماڈرنا یا جانسن اینڈ جانسن کی مکمل خوراکیں لگوانے والے افراد 'بغیر قرنطینہ' ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی ان افراد کو 72 گھنٹوں کے اندر کروایا گیا پولیمیریس چین ری ایکشن (پی سی آر) ٹیسٹ کا نتیجہ منفی ہونے کی رپورٹ ثبوت کے طور پر فراہم کرنی ہوگی ساتھ ہی ان کی تفصیلات حکام صحت کے پاس رجسٹرڈ ہونی چاہئیں۔