سعودی عرب نے کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے 32 مساجد کو وقتی طور پر بند کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ ان مساجد میں کورونا میں مبتلا نمازیوں کی موجودگی کے بعد کیا گیا ہے۔ حالیہ فیصلے کے بعد تین دنوں میں تالا بندی کا ہدف بننے والی مساجد کی تعداد 32 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں 6 مساجد کو سینیٹائزیشن جیسے اعلیٰ حفاظتی اقدامات کے بعد دوبارہ نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے ریاض علاقے میں 8 مساجد کو بند کیا۔ ان میں چار الریاض شہر کی طویق، القصر، العریجاء اور قرطبہ نامی کالونیوں میں واقع ہے۔ دو مساجد حریملاء اور ایک ایک مسجد الدلم اور وادی الدواسر میں بتائی جاتی ہیں۔
مشرقی علاقے کے شہر بقیق میں بھی حکام نے ایک مسجد بند کی ہے جبکہ عسیر علاقے کی ٹثلیث کمشنری میں ایک اور مسجد کو تالا لگا دیا گیا ہے۔ دو مساجد الجوف علاقے کے شہر سکاکا میں تھیں جہاں کورونا وائرس کے ٹھوس ثبوت ملنے پر انہیں بھی نمازیوں کے لیے بند کیا جا چکا ہے۔