روسی صدر ولادیمیر پوتن کے موبائل فون پر سائبر حملے میں ہیکرز نے پوتن کی شہریوں کے ساتھ براہ راست ٹیلی فون پر گفتگو کو نشانہ بنایا، روس کی مواصلاتی کمپنی نے سائبر حملے کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن کے موبائل فون پر سائبر حملہ کیا گیا، جس میں ہیکرز نے پوتن کی شہریوں کے ساتھ براہراست ٹیلی فون پر گفتگو کو نشانہ بنایا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر پوتن کے ساتھ سالانہ مکالمہ کو روسی چینلز کے ذریعہ نشر کیا جاتا ہے، جس میں عام طور پر روسی صدر پورے ملک سے روسی شہریوں کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہیں۔
اس سال چار گھنٹے تک جاری رہنے والے مکالمے میں مواصلاتی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور زیادہ پریشانی اُس وقت دیکھی گئی جب دور دراز کے علاقوں سے کالز موصول ہوئیں۔ روس کی مواصلاتی کمپنی نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔