روس کی فوج کشی کے درمیان یوکرینی فوج نے روس کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔ یوکرین کی فوج کے مطابق روسی دستوں کے خلاف دفاعی کارروائی میں 30 سے زیادہ ٹینک، 130 بکتر بند گاڑیوں، سات طیاروں اور چھ ہیلی کاپٹروں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔Heavy Casualties on Both Sides on First day of Russia's Attack on Ukraine
دریں اثنا فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے جمعہ کو کہا کہ فرانس یوکرین کو فوجی ساز و سامان اور 33 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرے گا۔
میکرون نے ایک خصوصی یورپی سربراہی اجلاس کے بعد کہا ’’فرانس ایک اضافی کوشش کے طور پر یوکرین کے شہریوں کے لیے اضافی 33 کروڑ ڈالر اور فوجی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے‘‘ ۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ قبل ازیں میری روسی صدر ولادیمیر پوتن سے مختصر بات چیت ہوئی تھی۔ بعد ازاں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے جنگ کے جلد خاتمے کے مطالبے اور زیلنسکی کے ساتھ بات کرنے کی پیشکش پر بھی بات چیت ہونی تھی لیکن ہمارا پوتن سے رابطہ نہیں ہو پایا۔‘‘
وہیں، یورپی یونین نے یوکرین میں روس کی فوجی کارروائی کے خلاف روس پر اضافی پابندیاں عائد کرنے کا سیاسی فیصلہ کیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
مشیل نے یورپی یونین کے ایک خصوصی سربراہی اجلاس کے بعد کہا کہ ’’ہم نے روسی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر اضافی پابندیاں عائد کرنے کا سیاسی فیصلہ کیا ہے، جو ان کے لیے دردناک ثابت ہوگا‘‘۔