برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے پیر کے روز ملک بھر میں کووڈ-19 کے نئے اسٹرین کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر انگلینڈ میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
جانسن نے قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ گزشتہ برس سے جب کورونا وبائی مرض کا پھیلاؤ شروع ہوا، تب سے پوری برطانیہ متحد ہوکر کووڈ 19 کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وائرس کے پرانے قسم کے خلاف جاری اس جنگ میں ہم اکٹھے مل کر کوشش کر رہے ہیں اور یہ کوشش جاری رہے گی۔ لیکن اب ہمارے پاس اس وائرس کی ایک نئی قسم وجود میں آئی ہے اور یہ دیکھ کر مایوسی اور پریشانی ہوتی ہے کہ یہ نیا اسٹرین کتنی تیزی سے ملک کے کچھ حصوں میں پھیل گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ کی وجہ سے ہمارے اسپتالوں پر کام کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور اس وبائی مرض کے پھیلاؤ کی شروعات کے بعد سے اسپتالوں پر زیادہ دباؤ ہے۔ محض انگلینڈ کے اسپتالوں میں گزشتہ ہفتے میں کووڈ مریضوں کی تعداد تقریبا ایک تہائی سے بڑھ کر 27 ہزار ہوگئی ہے اور یہ تعداد اپریل میں کورونا کی پہلی لہر کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔