برطانیہ کے سکریٹری خارجہ ڈومینک راب پیر کو چار روزہ دورے پر بھارت پہنچیں گے۔ اس دوران وہ وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی دلچسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔
وہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر اور وزیر تعلیم رمیش پوکھریال سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
- متعدد شعبوں میں شراکت پر بات چیت:
وزارت نے کہا کہ ڈومینک راب کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، آب و ہوا، نقل مکانی، تعلیم اور صحت سے متعلق شعبوں میں شراکت پر بات چیت ہوگی۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس دورے سے کووڈ۔19 اور بریکزٹ کے بعد کے تناظر میں مزید مضبوطی کی راہ ہموار ہوگی۔
- کرناٹک کے وزیر اعلی سے بھی ملاقات:
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ڈومینک راب 14 سے 17 دسمبر تک ہندوستان کا باضابطہ دورہ کریں گے۔ راب 15 دسمبر 2020 کو وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر سبرامنیم جئے شنکر سے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کریں گے'۔
اس دورے کے ایک حصے کے طور پر راب بنگلور جائیں گے جہاں وہ 17 دسمبر کو کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدیورپا سے ملاقات کریں گے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ، یورپی یونین کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے کی مدت آج تک
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور برطانیہ سنہ 2004 کے بعد سے ہی اسٹریٹیجک شراکت داری سے فائدہ اٹھا رہا ہے جس میں متعدد شعبوں میں باقاعدگی سے اعلیٰ سطح کے تبادلے اور بڑھتے ہوئے تعاون کی نشاندہی کی گئی ہے۔