آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز میزائل نصب - روس نے دعویٰ کیا
روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز ہائپر سونک میزائل اپنے ہاں نصب کردئیے ہیں۔
ان جدید ترین ہائپر سونک میزائل کا نام -’ایونگارڈ‘ ہے جو آواز کی رفتار سے 27 گنا تیز ہیں اور اگر میزائل شکن کے ذریعہ انہیں روکنے کی کوشش کی جائے تو یہ راستہ اور بلندی تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں اور میزائل دفاعی نظاموں کو ناکام بنادیتے ہیں۔
روس کے مطابق ان بین البراعظمی میزائلز کی رینج 6 ہزار کلومیٹر تک ہے اور یہ دو میگا ٹن ایٹمی اسلحہ ساتھ لے جا سکتے ہیں۔ انہیں اورن برگ کے خطہ میں اورال کے پہاڑی سلسلے میں نصب کیا گیا ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بتایا کہ ایونگارڈ سسٹم موجودہ اور مستقبل کے تمام میزائل دفاعی نظاموں کو شکست دے سکتا ہے اور ان کے ذریعہ روس اس ٹیکنالوجی میں دنیا کے تمام ممالک سے آگے نکل گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور چین کے پاس بھی ہائپرسونک یعنی آواز کی رفتار سے تیز سفر کرنے والے میزائل ہیں۔